ابنا: ایران کے ہر چھوٹے بڑے شہر اور قریے میں مجالس عزا کا اہتمام کیاگيا ہے۔ مشہد مقدس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ اسلام اور قم میں معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے روضہ ہائے اقدس میں لاکھوں مومنین عزاداری میں مشغول ہیں۔
آل محمد سلام اللہ علیھم کے روضوں مساجد اور امام بارگاہوں پر عزا کی نشانی کے طور پر سیاہ پرچم لگائے گئے ہیں۔ تمام مساجد، امام بارگاہوں اور علماء عظام و مراجع کرام کے گھروں میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے جہاں ہر خاص و عام بڑی تعداد میں ماتم و نوحہ خوانی میں مصروف ہیں۔
مشہد مقدس، قم اور دیگر مقدس مقامات پر گذشتہ شب ہی سے حضرت امام علی النقی علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے عزاداری کا سلسلہ شروع ہوگيا تھا۔ عراق میں کربلائے معلی، نجف اشرف، کاظمین اور بالخصوص سامرا میں لاکھوں زائرین رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کررہے ہیں۔ لبنان و شام میں بھی اھل بیت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارھویں فرد کےیوم شہادت کی مناسبت سے بڑے عقیدت و احترام سے عزاداری کی جارہی ہے۔
ہندوستان اور پاکستان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عقیدت مندان اھل بیت علیھم السلام دسویں امام کی عزاداری کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ اپنی دین دشمنی کے تحت متوکل عباسی نے آپ کو زہر دغا دے کر شہید کردیا تھا۔ اور چند سال قبل منافقین نے آپ کے روضہ اطہر کو منہدم کرنے کی جسارت کی تھی اور ابھی تازہ طور پر دشمنان محمد و آل محمد علیھم السلام کے ایک سرکشن نے آپ کی شان میں گستاخی کی جرات کی تھی لھذا مراجع عظام نے اس سال عزاداری کاخاص اہتمام کرنے کی اپیل کی تھی۔........
/169